بنگلورو،20؍مارچ (ایس او نیوز) پولیس کمشنر ٹی۔ سنیل کمار نے بتایا کہ بنگلور سنٹرل ،بنگلور نارتھ اور بنگلور ساؤتھ لوک سبھا حلقوں میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) سطح کے پولیس افسروں کی نگرانی میں پولیس کا سخت بندوبست کیاگیا ہے۔
اخباری کانفرنس کے دوران بتایا کہ بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقہ کے لئے ڈی سی پی راہل ، بنگلور نارتھ لوک سبھا حلقہ کے لئے ڈی سی پی ششی کمار اور بنگلور ساؤتھ پارلیمانی حلقہ کے لئے ڈی سی پی انا ویلو کی زیرنگرانی پولیس کا بندوبست کیاگیا ہے جو مذکورہ حلقوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر کڑی نظررکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران شہر میں امن وامان برقرار رکھنے شرپسند اور غنڈہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لئے انہوں نے پہلے ہی متعلقہ پولیس تھانوں کے انسپکٹرس کو ہدایت دی ہے۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ جن افراد کے پاس لائسنس شدہ ہتھیار ہیں وہ ابھی تک تھانوں میں جمع نہیں کرسکے ہیں ایسے افراد جلد از جلد متعلقہ پولیس تھانوں میں اپنے ہتھیار جمع کردیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں 9؍ہزار لائسنس شدہ ہتھیار ہیں جن میں 7؍ہزار جمع ہوچکے ہیں بقیہ دو ہزار ہتھیار فوری طور پر جمع کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایاکہ غنڈہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ جرائم و بدامنی میں ملوث غنڈہ عناصر کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف غنڈہ ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایاکہ شہر کی حدود میں آنے والے آٹھوں پولیس زونس کے 8؍ہزار غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ 5؍ہزار سے زائد غنڈہ عناصر سے غنڈہ سرگرمیوں سے دور رہنے سے متعلق تحریری عہد نامہ پر دستخط کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوہزار غنڈہ عناصر سے ایک لاکھ سے 5؍لاکھ روپیوں کے بانڈ سمیت عہد نامہ حاصل کئے گئے ہیں۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ انتخابات کے دوران غنڈہ سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے پر ایسے غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں اب تک ایک غنڈہ کو غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غنڈہ عناصر کو حراست میں لے کر انہیں پریڈ کے ذریعہ غنڈہ سرگرمیوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ اس پر غنڈہ عناصر نے عمل کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔